بیروت کے مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی بمباری کی وجہ سامنے آگئی
Nov ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
صیہونی حکومت نے آج پھر جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقوں پر بمباری کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت نے آج صبح جنوبی بیروت میں واقع حارہ حریک علاقے کے باشندوں کو یہ علاقہ چھوڑ دینے کو کہا اور اس کے بعد اس علاقے پر بمباری کر دی ۔ بیروت سے خبری ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوج نے جنوبی بیروت میں واقع اللیلکی علاقے کے باشندوں سے بھی کہا ہے کہ وہ یہ علاقہ چھوڑ دیں۔
اس سے قبل عبری زبان میں شائع ہونے والے اخبار معاریو نے منگل کے دن لکھا تھا کہ صیہونی فوج نے لبنان میں زمینی حملے کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا ہے۔ اخبار نے مزید لکھا کہ اس حملے کا مقصد لبنان میں جنگ بندی کے سلسلے میں حزب اللہ پر دباؤ ڈالنا ہے۔
اکتوبر دو ہزار تیئیس سے اب تک لبنان پر صیہونی حکومت کے حملوں میں تین ہزار دو سو ستّاسی افراد شہید اور چودہ ہزار دو سو بائيس زخمی ہوچکے ہیں۔