لبنان پر دہشتگرد صیہونی حکومت کی بمباری جاری، شہداء کی تعداد میں اضافہ
صیہونی حکومت نے آج جنوبی لبنان کے الغبیری علاقے پر شدید بمباری کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے آج ضاحیہ میں واقع علاقے الغبیری پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔ صیہونی فوجیوں نے اس علاقے کو متعدد بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ جس سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ صیہونی فوج نے جمعرات کی شام بھی جنوبی لبنان کے دوروس شہر میں ایک امدادی مرکز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اس مرکز کے انچارج بلال رعد سمیت بارہ افراد شہید ہو گئے۔ لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں کے حملوں میں متعدد نامہ نگار شہید ہوئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لبنان پر صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد تین ہزار تین سو چھیاسی ہو گئی ہے جبکہ چودہ ہزار چار سو سترہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب حزب اللہ لبنان نے جمعرات کے دن غاصب صیہونیوں کے فوجی مراکز، صیہونی بستیوں اور فوجیوں کے اکٹھا ہونے کے مقامات پر بتیس حملے کئے۔ یہ حملے مختلف طرح کے ہتھیاروں سے کئے گئے۔