Dec ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران، شام اور عراق کے وزرائے خارجہ نے شام کی خود مختاری اور  اقتداراعلی کے تحفظ پر زور دیا ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران، شام اور عراق کے وزرائے خارجہ نے جمعے کی شام بغداد میں سہ فریقی اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کرکے شام کی خودمختاری اور اقتدار اعلی کے تحفظ پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اسلامی  جمہوریہ ایران، شام اور عراق کے وزارئے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شام کی سلامتی خطرے ميں پڑتی ہے تو پورے علاقے کا ثبات و استحکام خطرے میں پڑجائے گا۔

تینوں وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے کو کشیدگی کے نتائج  سے محفوظ رکھنے کے لئے  علاقائی ملکوں کے درمیان مستقل تبادلہ خیال، ہم آہنگی اور تعاون کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران، شام اور عراق، تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں اس پورے خطے بالخصوص شام لاحق مسائل و مشکلات کی مناسب راہ حل تک پہنچنے کے لئے مشترکہ عرب،علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں شام، غزہ اور لبنان کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کی مذمت بھی کی ہے۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران، شام اور عراق کے وزرائے خارجہ اس بات پر متفق ہیں کہ شام کو جو خطرات لاحق ہیں وہ پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں اور پورے علاقے کے لئے سنجیدہ خطرہ ہیں۔

  تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کو چاہے وہ جس شکل  میں بھی ہو، قابل مذمت قرار دیا ہے اور دہشت گردی کے مقابلے میں مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔

ٹیگس