صیہونی جارحیت کے مقابلے میں ہم شامی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عبدالملک الحوثی
یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبد الملک الحوثی نےشام کے خلاف صیہونی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس کے مقابلے میں شامی عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی حکومت کے نگران اعلیٰ اور انصاراللہ تحریک کے سیکرٹری جنرل عبدالملک الحوثی نے غزہ میں بے گھر افراد کے انتہائی ابتر حالات پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ صیہونی حکومت شمالی غزہ کے مکینوں کو نقل مکانی پر مجبور کر رہی ہے۔ الحوثی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، مسلمانوں اور عرب اقوام کی بے حسی کے درمیان فلسطینیوں کے خلاف ہر قسم کے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
الحوثی نے کہا کہ صہیونی حکومت شام میں دراندازی کو نام نہاد جنگ بندی معاہدے کو ختم کرنے کا ایک موقع سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونیوں کی لالچی نظریں فلسطین کے اطراف پر بھی گڑی ہوئی ہیں، اور یہ اس حکومت کے میڈیا پروگراموں، سیاسی منصوبوں اور امریکہ کے ساتھ اس کی مشترکہ سازشوں کا حصہ ہے۔
تحریک انصار اللہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت شام کی سرزمین میں جارحیت کرتے ہوئے دمشق کے مضافات تک پیش قدمی کر چکی ہے اور اُس نے شامی دفاعی انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔