Dec ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • صیہونی دہشت گردی کے چارسو چھتیس روز

صیہونی دہشت گردی 436 دن گزرنے کے بعد بھی رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پر صیہونی دہشتگردی کو چار سو چھتیس روز گزر گئے اور مغربی حمایت یافتہ صیہونی کلنگ مشین عالمی برادری کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کو اپنے نشانے پر لئے ہوئے ہے۔فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ صیہونی دہشتگردوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ میں کم از کم قتل عام کے دو واقعات رقم کئے جن میں پچپن فلسطینی شہید اور ایک سو سات سے زائد زخمی ہو گئے۔ فلسطینی اتھارٹی سے وابستہ ایک میڈیا ذریعے نے بھی خبر دی ہے کہ صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری میں سند نیوز ایجنسی کا ایک نامہ نگار شہید ہوا جس کے بعد غزہ میں شہید ہونے والے نامہ نگاروں اور صحافیوں کی تعداد ایک سو پچانوے ہو گئی۔ مذکورہ میڈیا ہاؤس نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ نہتے فلسطینیوں بالخصوص نامہ نگاروں اور صحافیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کی روک تھام اور اس کے ذمہ دار صیہونی حکام کو دستِ عدالت کے سپرد کرنے اور انہیں جوابدہ بنانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں۔ اس درمیان تحریک حماس کی القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے حال ہی میں ایک ایسے مقام پر بمباری کی ہے جہاں کچھ صیہونی قیدی رکھے گئے تھے اور ان کی ہلاکت کو یقینی بنانے کے لیے اس جگہ پر انہوں نے کئی بار بمباری کی۔ ابوعبیدہ نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر لکھا ہے کہ ہمارے پاس ایسی ٹھوس اطلاعات موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ صیہونی دشمن نے اپنے قیدیوں اور ان کی حفاظت پر مامور ہمارے مجاہدین کو جان بوجھ کر قتل کرنے کے لئے وہاں بمباری کی ہے۔ابوعبیدہ نے مزید لکھا کہ ہمارے ساتھیوں نے ملبے تلے سے ان قیدیوں کو نکالنے کی کوشش کی جس میں وہ ایک کو نکالنے میں کامیاب بھی ہو گئے تاہم اب اس کی صورتحال سے ہم بے خبر ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ پر صیہونی حکومت کی کارپیٹ بامبنگ کے باوجود آدھے صیہونی قیدیوں کے زندہ رہنے پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

ٹیگس