Jan ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  • غرب اردن پر صیہونیوں کے حملے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید

صیہونی فوجیوں اور آبادکاروں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر دھاوا بول کر ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  فلسطینی ذرائع نے غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملے اور چودہ سالہ فلسطینی احمد رشید رشدی جزر کی شہادت کی خبر دی ہے۔ اس فلسطینی نوجوان کو صیہونی فوجیوں نے سینے میں گولی ماری جس کی وجہ سے اس کی شہادت ہو گئي۔اس کے ساتھ ہی فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ صیہونی آباد کاروں نے ، صیہونی فوجیوں کی مدد سے فلسطینیوں کی املاک اور گھروں پر حملے کئے اور کئي گھروں کو جلا دیا۔ صیہونی آباد کاروں نے شمالی رام اللہ کے سنجل قصبے پر حملہ کیا اور تین گھروں اور پانچ گاڑیوں کو جلا دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی آباد کار قیدیوں کے تبادلے کے لئے ہونے والے معاہدے کی وجہ سے غم و غصے میں تھے ۔ صیہونی آبادکاروں نے اسی طرح ترمسعیا قصبے میں فلسطینیوں کی گاڑیوں پر حملے کئے جس کی وجہ سے انہيں شاہراہوں کو چھوڑ کر ذیلی سڑکوں کو استعمال کرنا پڑا۔

جنوبی نابلس کے حوارہ قصبے میں بھی صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں پر حملے کئے جبکہ شمال مشرقی بیت المقدس کے جبع گاؤں میں بھی صیہونی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں پر حملے کئے۔ دوسری طرف صیہونی فوجیوں نے بھی مشرق رام اللہ کے برقا گاؤں پر حملہ کیا اور غرب اردن کے الخلیل کے جنوب میں واقع ادنا کالونی میں بھی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہو گيا۔ شمالی الخلیل کے بیت امر اور جنوبی الخلیل کے مسافریطا میں بھی صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر حملے کئے۔

 

ٹیگس