Feb ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۷ Asia/Tehran
  • یادگار کربلا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے چند مشہور و معروف القاب

5 شعبان ولادت با سعادت فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: پانچ شعبان آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ، سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر ایران میں جشن و سرور کا ماحول ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں، مقدس مقامات ، مختلف عمارتوں اور سڑکوں کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمان عوام ان ایام میں اعیاد شعبانیہ یا شعبان کی عیدوں کے عنوان سے جشن مناتے ہیں اوراہل بیت عصمت و طہارت کے حضور اپنے والہانہ عشق وعقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

پاکستان، ہندوستان، لبنان اورعراق سمیت بہت سے ملکوں میں پانچ شعبان فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ الصلوات و السلام کا یوم ولادت پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

تین شعبان المعظم حریت پسندوں کے سید و سالار حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت جبکہ چار شعبان المعظم علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت تھا اور آج پانچ شعبان المعظم واقعہ کربلا کے مبلغ و پیغام رساں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک کی جانب سے ہم اپنے تمام ناظرین ، سامعین اورقارئین کرام کی خدمت میں 5 شعبان ولادت با سعادت فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی مناسبت پرتبریک و تہنیت پیش کرتے ہوئے آپ کے چند مشہور القاب پر روشنی ڈالنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

آپ کے القاب اچھائیوں کی حکایت کرتے ہیں، آپ اچھے صفات ، مکارم اخلاق،عظیم طاعت اور اللہ کی عبادت جیسے اچھے اوصاف سے متصف تھے، آپ کے بعض القاب یہ ہیں :

١۔ زین العابدین

کثرت عبادت کی وجہ سے آپ کو اس لقب سے نوازا گیا ، آپ اس لقب سے معروف ہوئے اور اتنے مشہور ہوئے کہ یہ آپ کا اسم مبارک ہو گیا ،آپ کے علاوہ یہ لقب کسی اور کا نہیں تھا اور حق بات یہ ہے کہ آپ ہرعابد کے لئے زینت اور اللہ کے مطیع کے لئے مایۂ فخر تھے -

٢۔ سید العابدین

آپ کے مشہور و معروف القاب میں سے ایک "سید العابدین " ہے ، چونکہ آپ  اطاعت کے مظہر تھے ، آپ کے جد امیرالمومنین کے علاوہ کسی نے بھی آپ کے مثل عبادت نہیں کی ہے ۔

٣۔ ذو الثفنات

آپ کو یہ لقب اس لئے دیا گیا کہ آپ کے اعضاء سجدہ پر اونٹ کے گھٹوں کی طرح گھٹے پڑجاتے تھے ۔ ابو جعفر امام محمد باقر علیہ السلام فرماتے ہیں : "میرے پدر بزرگوار کے اعضاء سجدہ پر ابھرے ہوئے نشانات تھے ، جو ایک سال میں دو مرتبہ کا ٹے جاتے تھے اور ہر مرتبہ میں پانچ گھٹّے کاٹے جاتے تھے، اسی لئے آپ کو ذواالثفنات کے لقب سے یاد کیا گیا " ۔

٤۔ سجاد

آپ کے القاب شریفہ میں سے ایک مشہور لقب "سجاد " ہے یہ لقب آپ کو بہت زیادہ سجدہ کرنے کی وجہ سے دیا گیا ، آپ لوگوں میں سب سے زیادہ سجدے اور اللہ کی اطاعت کرنے والے تھے حضرت امام محمد باقر علیہ السلام نے اپنے والد بزرگوار کے بہت زیادہ سجدوں کو یوں بیان فرمایا ہے :

" بیشک علی بن الحسین جب بھی خود پر خدا کی کسی نعمت کا تذکرہ فرماتے تو سجدہ کرتے تھے، آپ قرآن کریم کی ہر سجدہ والی آیت کی تلاوت کرنے کے بعد سجدہ کرتے ، جب بھی خداوند عالم آپ سے کسی ایسی برائی کو دور کرتا تھا جس سے آپ خوفزدہ ہوتے تھے تو سجدہ کرتے ، آپ ہر واجب نماز سے فارغ ہونے کے بعد سجدہ کرتے اور آپ کے تمام اعضاء سجود پر سجدوں کے نشانات مو جود تھے لہٰذا آپ کو اس لقب سے یاد کیا گیا " ۔

٥۔ زکی

آپ کو زکی کے لقب سے اس لئے یاد کیا گیا کیونکہ آپ کو خداوند عالم نے ہر رجس سے پاک و پاکیزہ قرار دیا ہے جس طرح آپ کے آباء و اجداد جن کواللہ نے ہر طرح کے رجس کو دور رکھا اور ایساپاک و پاکیزہ رکھا جو پاک و پاکیزہ رکھنے کا حق ہے ۔

٦۔ امین

آپ کے القاب میں سے ایک معروف لقب "امین " ہے، اس کریم صفت کے ذریعہ آپ مثل الاعلیٰ ہیں اور خود آپ کا فرمان ہے : "اگر میرے باپ کا قاتل اپنی وہ تلوار جس سے اس نے میرے والد بزرگوار کو قتل کیا میرے پاس امانت کے طور پر رکھت اتو بھی میں وہ تلوار اس کو واپس کر دیتا " ۔

٧ ۔ ابن الخیرتین

آپ کے مشہور القاب میں سے ایک لقب "الخیرتین " ہے، آپ کی اس لقب کے ذریعہ عزت کی جاتی تھی آپ فرماتے ہیں : "انا ابن الخیرتین " ،اس جملہ کے ذریعہ آپ اپنے جد رسول اسلام ۖ کے اس قول کی طرف اشارہ فرماتے : "اللّٰہ تعالیٰ من عبادہ خیرتان،فخیرتہ من العربھاشم،ومن العجم فارس " ۔

امام علی زین العابدین (ع) کی کنیت :

ابو محمد ،ابوالحسن ، اور ایک قول کے مطابق ابو القاسم ہیں  ، قابل ذکر ہے کہ امام حسین (ع) کی نسل امام زین العابدین (ع) سے آگے بڑھی ہے اور حسینی سادات کا سلسلہ نسب امام علی زین العابدین (ع) سے شروع ہوتا ہے ـ

ٹیگس