Feb ۲۳, ۲۰۲۵ ۱۳:۴۰ Asia/Tehran
  • فلسطین کے لئے شہید سید حسن نصراللہ کی نصرت ناقابل فراموش ہے: ترجمان حماس

فلسطین کی اسلامی استقامتی تنظیم حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے کہا کہ حزب اللہ کے سابق سربراہ شہید سید حسن نصراللہ کی جانب سے کی جانے والی فلسطینی عوام اور استقامت کی حمایت کو ہرگز بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عبداللطیف القانوع نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود شہید سید حسن نصراللہ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جان اور اپنے مال کی قربانی دے کر فلسطین کے ساتھ رہنے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ کے ایثار کے جذبے، ان کی کوششوں، ان کا اخلاق ، قدس اور مسجد الاقصی کی راہ میں ان کی بڑی قربانیوں کو فلسطینی عوام بھلا نہیں پائیں گے۔ عبداللطیف القانوع نے کہا کہ طوفان الاقصی کے دوران سید حسن نصراللہ اور لبنانی مجاہدوں نے ایثار کے حسین ترین جلوے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ نے آخری سانس تک جہاد، استقامت، فلسطین اور فلسطینی عوام کے حقوق کے ساتھ رہنے کی راہ کا انتخاب کیا۔

تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام حزب اللہ کی جانب سے تمام مالی، روحانی، فوجی اور میڈیا حمایت کو ہرگز نہیں بھلا سکتے۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام علاقے اور پوری دنیا میں اپنے تمام حامیوں اور ساتھیوں کو اطمینان دلاتے ہیں کہ صیہونی حکومت کے سرطانی ٹیومر کو ختم کرنے تک جد و جہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سید حسن نصراللہ جیسے رہبر کو کھو بیٹھنے کا غم انتہائی سنگین ہے لیکن ایک رہبر اور کمانڈر کی شہادت سے امت اسلامیہ میں ہزاروں دیگر رہنما وجود میں آتے ہیں اور یہ شہادت فلسطین، لبنان اور علاقے میں استقامتی محاذ کی طاقت کو مزید بڑھا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ  نے طوفان الاقصی جنگ میں دنیا کے تمام حریت پسند اہل سنت اور اہل تشیع حتی کہ عیسائیوں اور یہودیوں کی نمائندگی میں فلسطینی عوام اور استقامت کی حمایت کی اور صیہونی سرطانی ٹیومر کے خلاف جنگ میں شامل ہوگئے۔

 

ٹیگس