Mar ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل امریکی حمایت کی بنا پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے: سید عبدالمالک الحوثی

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی نے کہا ہے کہ ہم غزہ پٹی میں جنگ بندی معاہدے کے نفاذ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: سید عبدالمالک الحوثی نے المسیرہ ٹی وی کو بتایا کہ دشمن کا رفح سے انخلاء نہ کرنا، مصر اور صیہونی دشمن کے درمیان ماضی میں ہونے والے معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو فلسطینی و مصری عوام، حکومت اور فوج کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ انصاراللہ کے رہنما نے تاکید کی کہ دشمن نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا ہےاور  وہ رفح سے نکلنے کے سلسلے مین بھی لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔ سید عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ دشمن جنوبی لبنان سے مکمل طور پر پیچھے نہیں ہٹا اوراس کا یہ قبضہ لبنانی قوم کے لیے خطرہ اور ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت شام کے 3 جنوبی صوبوں میں پیش قدمی کر رہی ہے اور ہر روز مزید حصوں پر قبضہ کرتی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت ملت اسلامیہ کے ساتھ ناقابل بیان ناروا سلوک کر رہے ہیں، لیکن اگر ملت اسلامیہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے متحد ہو کر واضح موقف اختیار کرے تو دشمن کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب ٹرمپ نے ہفتے کے روز صہیونی قیدیوں کو رہا نہ کرنے پر دھمکی دی تو ہم جنگ کے لیے تیار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ کی طرف سے مقرر کردہ تاریخ پر صیہونی قیدیوں کو رہا نہ کیا جانا اس بات کی دلیل ہے وہ جو چاہیں مسلط نہیں کر سکتے۔ سید عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ ہم چوکس ہیں اور جنگ کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔

ٹیگس