یمن کی مسلح افواج کے بہتّر گھنٹوں کے دوران امریکی بحری بیڑے پر 4 حملے
یمن کی مسلح افواج نے گزشتہ بہتّر گھنٹوں کے دوران امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے پر چوتھی بار حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے ہیری ایس ٹرومین کو چوتھی بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں یہ چوتھی بار ہے کہ امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے اور دیگر جنگی جہازوں کو انصار اللہ کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنرل یحیی سریع نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج نے بحیرہ احمر میں امریکی افواج کی نقل و حرکت اور یمن پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کی تیاریوں کا پتہ لگایا تھا، جس کے بعد ایک مشترکہ فوجی آپریشن کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انصار اللہ کے مجاہدین نے کروز میزائل اور ڈرونز کے ذریعے امریکی بحری بیڑے پر حملہ کیا اور یہ گزشتہ تین دنوں میں ہیری ایس ٹرومین پر چوتھا حملہ تھا۔ یحییٰ سریع نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی جارحیت یمنی قوم اور مجاہدین کو فلسطینی عوام کے سلسلے میں اس کی دینی ، اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک غزہ پر وحشیانہ حملے بند اور محاصرہ ختم نہیں ہوتا، اس وقت تک مسلح افواج صیہونی دشمن کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔