غزہ میں غیر اخلاقی جنگ بند کی جائے: اسرائیلی فوجی افسر
May ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
صہیونی فوج کے سینکڑوں افسروں نے ایک احتجاجی مراسلے پر دستخط کرکے غزہ میں جاری غیر اخلاقی جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام نتن یاہو حکومت کی غزہ پر جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر مظاہروں کے ساتھ اسرائیل کے اندر سے بھی صدائے احتجاج بلند ہورہی ہے۔ اسرائیلی اخبار ہاآرٹز کے مطابق صہیونی فوج کے سینکڑوں حاضر سروس اور ریزرو افسران نے ایک کھلا خط لکھ کر صہونی کابینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کو فوراً روکا جائے۔ ان افسران نے اس جنگ کو غیراخلاقی اور سیاسی مفادات پر مبنی قرار دیا ہے جس سے اسرائیل کی سلامتی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خط پر صہیونی فوج کے تقریبا 1200 افسران کی جانب سے دستخط کیا گیا ہے، جن کا تعلق اسرائیلی فوج کے مختلف یونٹس سے ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دشمنی کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے اور تمام یرغمالیوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ریزرو فوج کے سابق اور موجودہ افسران و کمانڈرز حکومت اور چیف آف جنرل اسٹاف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں جاری سیاسی جنگ کو ختم کریں اور تمام قیدیوں کو فوری طور پر واپس لائیں۔
