غزہ کے جنوب میں فلسطینی پناہ گزینوں کی خیمہ بستی پر غاصب صیہونی حکومت کے ڈرون حملے میں کم سے کم چھے فلسطینی شہید ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے یہ ڈرون حملہ خان یونس کے شمال میں واقع قرارہ کے علاقے میں کیا اور فلسطینی پناہ گزینوں کو نشانہ بنایا۔
اس صیہونی جارحیت میں دو بچوں سمیت چھے فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ کل کی صیہونی جارحیت میں مجموعی طور پر باسٹھ فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ سات اکتوبر دو ہزار تئیس سے صیہونی جارحیت ، دو اہداف کے تحت شروع ہوئی تحریک حماس کا قلع قمع کرنا اور علاقے سے صیہونی قیدیوں کو چھڑانا تھا اور ان دونوں ہی اہداف کے حصول میں صیہونی حکومت ناکام رہی اور وہ تحریک حماس سے مذاکرات اور قیدیوں کے تبادلے کا سمجھوتہ کرنے پر مجبور ہو گئی۔
رواں سال کی انیس جنوری کو غزہ میں فائر بندی کا نفاذ عمل میں آیا اور قیدیوں کا تبادلہ بھی شروع ہوا مگر صیہونی حکومت نے خلاف ورزی کی اور دوسرے مرحلے کے مذاکرات سے گریز کیا اور پھر جارحیت کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا۔