Jul ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۴:۱۱ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے خلاف ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی؛ یمنی مسلح افواج

انصار اللہ یمن نے اعلان کیا ہےکہ جہازوں کو نشانہ بنانا، شپنگ کمپنیوں کے لیے یہ ایک مضبوط پیغام ہے کہ ہم اسرائیل کے خلاف محاصرہ کرنے میں سنجیدہ ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی تحریک انصار اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے ایک بیان میں کہا کہ بحری جہازوں پر حملہ کرنے کی کارروائی غزہ پر جارحیت کو روکنے کے لیے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے دائرے میں کی جا رہی ہے اور یہ کارروائیاں اسرائیلی حملے بند ہونے تک جاری رہیں گی۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے ان بیانات کا اظہارکرتےہوئے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور ان کے بہادر مجاہدین کی حمایت میں یمنی بحریہ نے، مقبوضہ فلسطین میں واقع ام الرشراش بندرگاہ کی جانب والے، ایٹرنیٹی سی، نامی ایک بحری جہاز کو ایک ڈرون اور تین کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا، اس آپریشن کے نتیجے میں جہاز مکمل طور پر ڈوب گیا اور آپریشن کو آڈیو اور ویڈیو کے ساتھ مکمل دستاویزی شکل دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے بعد، یمنی بحریہ کے ایک خصوصی یونٹ کو جہاز کے عملے کی ایک بڑی تعداد کو بچانے کے لیے روانہ کیا گیا اور انہیں بنیادی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے بیان میں تاکید کی ہے کہ اس جہاز کے عملے اور اس کمپنی کے مالک نے ام الرشراش بندرگاہ کے ساتھ تعاون پر پابندی کے فیصلے کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر اس بندرگاہ کی جانب جانے کی کوشش کی اور یمنی بحریہ کے انتباہات اور پیغامات کو بھی نظر انداز کیا۔یحیی سریع نے ایک بار پھر بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب کے پانیوں میں اسرائیلی بحری جہازوں کی آمدورفت کی ناکہ بندی جاری رکھنے پر زور دیا اور خبردار کیا کہ مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کے ساتھ تعاون کرنے والی تمام کمپنیوں کے جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فوجی اقدامات اسرائیلی حکومت اور اس کے حامیوں کو غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، جارحیت روکنے اور فلسطینی عوام کے خلاف کھلی نسل کشی کے خاتمے پر مجبور کرنے کی کوشش ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے مظلوم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ اپنی حمایتی فوجی کارروائیوں کو جاری رکھنے اور جارحیت کے مکمل خاتمے اور غزہ پر محاصرہ ختم ہونے تک مزاحمت جاری رکھنے پر تاکید کی۔ 

ٹیگس