عراق : عین الاسد فوجی اڈے سے امریکی فوجیوں کا انخلاء شروع
عراق کے بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں نے عراق کے صوبے الانبار میں عین الاسد فوجی اڈے سے انخلا شروع کر دیا۔
سحرنیوز/ایران: سومریہ نیوز کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے بعض ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی فوجیوں نے کل رات سے عین الاسد فوجی اڈے سے واپس جانا شروع کر دیا ہے اور جنگی سازوسامان کے ساتھ طیاروں کے ذریعے ان فوجیوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔
عراقی سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے سومریہ نیوز کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ فوجیوں کا انخلا عمل میں آ رہا ہے جبکہ اس سے قبل جنگی سازوسامان منتقل کئے جانے کی خبریں ملتی رہی ہیں۔ سومریہ نیوز نے امید ظاہر کی ہے کہ ستمبر کے اوائل تک عین الاسد فوجی اڈہ امریکی فوجیوں سے خالی ہو جائے گا۔
یہ فوجی انخلا بغداد واشنگٹن معاہدے پر عمل درآمد کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے اور عراق و امریکہ کے درمیان سیکورٹی تعاون کو اب غیر سیکورٹی تعاون میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔