Sep ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • حزام الاسد: ہم دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں، ہم میدان جنگ میں نئے ہتھیار لے آئے ہیں

یمن کی تحریک انصار اللہ کے سییئر رہنما نے صیہونی حکومت کے وزیر جنگ یسرائیل کاٹز کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اُس کی دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں، ہم میدان جنگ میں نئے ہتھیار لے آئے ہیں اور اب جہنم، کاٹز کا منتظر ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:تحریک انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے رکن حزام الاسد نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر جنگ کی طرف سے تحریک کی قیادت کے خلاف دی جانے والی دھمکیوں پر کہا کہ غاصب صیہونیوں کے خلاف ہماری مسلسل کارروائیوں کے بعد جرائم پیشہ کاٹز کی یہ دھمکیاں اس کے احساسِ شکست کو اجاگر کرتی ہیں۔

جمعے کی شب صیہونی وزیر جنگ نے یمن تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی کو قتل کرنے کی دھمکی دی اور کہا کہ تحریک کے پرچم پر لکھا ہوئے اسرائیل مردہ باد کے نعرے کو یمن کے متحد دارالحکومت میں بلند کیے گئے اسرائیلی پرچم سے بدل دیا جائے گا۔

صیہونی ٹولے کے وزیر جنگ کے اس اشتعال انگیز بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے ایک رکن نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ ہم غاصب رہنماؤں کی دھمکیوں کا کوئی خوف نہیں، اور میں کاٹز سے کہتا ہوں کہ جہنم تمہارا انتظار کر رہی ہے۔

حزام الاسد نے مزید کہا کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسرائیلی پرچم بلند کرنے پر مبنی کاٹز کی دھمکیاں مضحکہ خیز ہیں اور صنعا کا صیہونی پرچم سے فاصلہ سورج سے بھی زیادہ دور ہے اور وہ اس تک کبھی نہیں پہنچ سکے گا۔

یمنی رہنما نے اس بار پر زور دیا کہ غزہ میں مزاحمت کی حمایت میں صنعا کا موقف اس وقت تک برقرار رہے گاجب تک وہاں نسل کشی کا سلسلہ بند نہیں ہو جاتا۔ تحریک انصار اللہ پولٹ بیورو کے رکن نے یہ بھی بتایا کہ وہ میدانِ جنگ میں نئے ہتھیار لے آئے ہیں اور اب وہ صیہونی فوج کے خلاف حیران کن کارروائیوں کے لیے تیار ہو رہے ہیں اور ہم صیہونی دشمن کے خلاف روبروز بڑھتی شدت کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج بارہا یہ واضح کر چکی ہیں کہ جب تک غزہ پٹی پر دہشتگرد صیہونی فوج کی جارحیت جاری اور علاقے کا محاصرہ برقرار ہے، بحیرہ احمر میں صیہونی حکومت سے وابستہ بحری جہازوں اور مقبوضہ علاقوں پر ان کے حملے جاری رہیں گے۔

ٹیگس