Oct ۱۳, ۲۰۲۵ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • اگر اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرے گا تو تحریکِ حماس اُس  کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گي، حماس کا انتباہ

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک سینیئر عہدیدار نے انتباہ دیا ہے کہ اگر اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرے گا تو تحریک حماس اس کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گي۔

تحریک حماس کے سینیئر عہدیدار حسام بدران نے اے ایف پی کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں حماس کے اراکین کے لئے غزہ چھوڑنے کی تجویز کو "مضحکہ خیز" قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں مذاکرات پیچیدہ ہوں گے۔

حماس کے پولیٹیکل بیورو کے رکن حسام بدران نے اس انٹرویو میں کہا کہ "ہمیں امید ہے کہ ہم (جنگ میں) واپس نہیں جائیں گے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہماری فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتیں بلاشبہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی اور ہر ممکنہ توانائی استعمال کرتے ہوئے اس جارحیت کو ناکام بنا دیں گی۔"

حسام بدران نے مزید کہا کہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں مذاکرات پیچیدہ اور مشکل ہوں گے، معاہدے کا دوسرا مرحلہ، جیسا کہ نکات سے ظاہر ہوتا ہے، بہت سی پیچیدگیوں اور مشکلات کا حامل ہے۔

معاہدے کے تحت حماس کے اراکین کو غزہ چھوڑنے کی تجویز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سر زمین سے بے دخل کرنا مضحکہ خیز اور بے معنی بات ہے۔

 

ٹیگس