جنگ بندی کے باوجود 226 فلسطینی شہید؛ ملبے سے مزید لاشیں برآمد
غزہ کی وزار ت صحت کے مطابق متعدد فلسطینی شہداء کی لاشیں ملنے کے ساتھ ہی مجموعی طور پر شہداء کی تعداد بڑھ کر اڑسٹھ ہزار آٹھ سو اٹھاون ہوگئی ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں مزید بائیس شہداء کی لاشیں اسپتالوں میں منتقل کی گئی ہیں کہ جن میں سے پانچ حال ہی میں شہید ہوئے ہیں جبکہ سترہ کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں اور نو زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے-
اس وزارت کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر دوہزار تیئیس کو جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد اڑسٹھ ہزار آٹھ سو اٹھاون اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار چھ سو چونسٹھ تک جا پہنچی ہے۔
اس کے علاوہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک کی مدت میں دوسو چھبیس فلسطنیی شہید ہوئے ہیں، چارسو ننیاوے لاشیں ملبوں سے باہر نکالی گئی ہیں اور پانچ سو چورانوے زخمی ہوچکے ہیں-
غزہ کی وزارت صحت نے مزید کہا کہ گذشتہ روز ریڈ کراس کی ہم آہنگی سے تیس شہداء کی لاشیں صیہونی حکومت سے موصول ہوئی ہیں۔ اس طرح قابض حکومت کی جانب سے موصول ہونے والے شہداء کی لاشوں کی تعداد دو سو پچیس ہوگئی ہے۔