اردن: ایک گاؤں میں گرجا گھر پر حملہ، 7 افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i458068-اردن_ایک_گاؤں_میں_گرجا_گھر_پر_حملہ_7_افراد_ہلاک
میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کے صوبہ کرک میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گرجا گھر پر حملہ کردیا جس میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
(last modified 2026-10-24T14:25:45+00:00 )
Oct ۲۴, ۲۰۲۶ ۰۱:۲۹ Asia/Tehran
  • اردن: ایک گاؤں میں گرجا گھر پر حملہ، 7 افراد ہلاک

میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کے صوبہ کرک میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گرجا گھر پر حملہ کردیا جس میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

سحرنیو/عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق حملہ صوبہ کرک میں واقع گاؤں حمود کے ایک گرجا گھر پر ہوا جس میں دو درجن سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق گرجا گھر میں ایک جنازے میں شریک افراد پر آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران فائرنگ کی گئی۔ مسلح حملہ آوروں نے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، ایک حملہ آور کے پاس رائفل جبکہ دوسرے کے پاس پستول تھی۔

اردن کے سرکاری ٹی وی نے امن عامہ محکمے کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں ملوث مشتبہ افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔  فائرنگ کے اس واقعے میں زخمی ہونے والے تقریباً 30 افراد میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی آئی، دو افراد اس سے اترے اور جنازے میں شریک افراد پر تقریباً پانچ منٹ تک مسلسل فائرنگ کرتے رہے، جس کے بعد وہ فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے وقت گرجا گھر کے اندر اور باہر تقریباً 150 سے 200 افراد موجود تھے۔

یہ گاؤں عیسائی برادری کا مسکن ہے اور اردن کے دارالحکومت امان سے تقریباً 120  کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel