یمنی عوام پر سعودی عرب کے حملے جاری
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
-
یمنی عوام پر سعودی عرب کے حملے جاری
سعودی عرب کے لڑاکا طیارے یمن کے مختلف علاقوں پر اپنی وحشیانہ بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے اور اتوار کے دن صنعا سمیت یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔ اتوار کے دن سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صنعا کے عطان علاقے پر بمباری کی جبکہ صوبہ الحدیدہ میں واقع الخوخہ بندرگاہ کو بھی دو بار اپنی بمباری کا نشانہ بنایا۔یمن کے صوبہ تعز پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملوں میں نو افراد شہید ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے سرکاری ٹی وی کی عمارت پر بھی متعدد بار حملے کئے تاکہ آل سعود کی جانب سے یمنی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو کوریج نہ دی جا سکے۔ ہفتے کے روز صوبہ مارب اور صعدہ کے رہائشی علاقوں پر سعودی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں کم سے کم ستائیس افراد شہید ہوگئے تھے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے بعض عرب ممالک کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سے یمن پر اپنے حملوں کا آغاز کر رکھا ہے جن میں سیکڑوں بچے اور خواتین سمیت تقریبا پانچ ہزار یمنی شہری شہید ہوچکے ہیں۔