یمن کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا عمان کا دورہ
Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
یمن کی سیاسی جماعتوں کے نمائندے عمان کے ایک طیارے کے ذریعے اس ملک کے دارالحکومت مسقط گئے ہیں۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ، پیپلز کانگرس پارٹی اور کئی دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے مسقط میں اقوام متحدہ کی زیرنگرانی یمن کے بحران کو حل کرنے کے لیے اپنے مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے-ان نمائندوں نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے بحران کو سیاسی اور پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی-
تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے بھی بحران یمن کے حل کے لیے فوجی طریقوں کو بےنتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سرکردگی میں عرب اتحاد کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ اس بحران کو حل کرنے کا واحد راستہ مذاکرات اور گفتگو ہے-
یہ ایسے حالات میں ہے کہ جب سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعہ کی رات، یمن کے دارالحکومت صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر بمباری کی تھی۔
عمان کی وزارت خارجہ نے صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائش گاہ پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے-
عمان علاقے کا واحد عرب ملک ہے کہ جس نے یمن پر سعودی عرب کے حملے میں اس کا ساتھ نہیں دیا ہے-