حماس کی طرف سے فلسطین کی قومی اتحاد حکومت کی حمایت
Sep ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
-
حماس کی طرف سے فلسطین کی قومی اتحاد حکومت کی حمایت
حماس کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کی قومی اتحاد حکومت کی تشکیل کی حمایت کی ہے-
اطلاعات کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جمعرات کے روز خان یونس کے مشرقی علاقے الزنہ میں عیدالاضحی کے خطبے کے دوران فلسطین کی قومی اتحاد حکومت کی حمایت کا اعلان کیا-انہوں نے فلسطین کی قومی کونسل کے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک حماس داخلی صورت حال کی بہتری اور انتخابات کے ذریعہ قومی اتحاد حکومت کی تشکیل کی حمایت کرتی ہے-
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں اور قدس کے دفاع کی راہ میں اتحاد کے لئے محمود عباس سمیت فلسطینی حکام سے بھی رابطہ کیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ ملت فلسطین کا ظالمانہ محاصرہ ختم ہونا چاہئے-
اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ تحریک حماس ملت فلسطین کے سلسلے میں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں سے چشم پوشی نہیں کرے گی- انہوں نے مصر اور غزہ کے درمیان سرنگوں میں پانی چھوڑنے کے مصری اقدام پر تعجب کا اظہار کیا اور اس اقدام کو ہمسائیگی اور دو طرفہ تاریخی تعلقات کی اقدار کے منافی قرار دیا۔
اسماعیل ہنیہ نے مصر سے تاکید کے ساتھ کہا کہ وہ اس اقدام سے باز آجائے-