صیہونیوں کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے فلسطین کی تحریک مزاحمت کی آمادگی
Oct ۰۶, ۲۰۱۵ ۰۷:۲۱ Asia/Tehran
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ تحریک مزاحمت، غاصب صیہونیوں کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن فتحی حماد نے ایک بیان میں فلسطینیوں پر صیہونیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غاصب صیہونیوں کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تحریک مزاحمت مکمل طور پر آمادہ ہے۔انھوں نے فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سیکورٹی تعاون کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ، صیہونی حکومت کے ساتھ اپنا تعاون منقطع اور صیہونیوں کے جرائم کا جواب دینے کےلئے تحریک مزاحمت کی مدد کرے۔
فلسطین کی قانون ساز اسمبلی نے بھی ایک بیان میں تاکید کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ صیہونی دشمن کو فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے مقبوضہ بیت المقدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک متعدد فلسطینی شہید اور سیکڑوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔