جہاد اور استقامت ہی فلسطینیوں کے درمیان وحدت کی بنیاد
حماس کے ایک رہنما نے القدس کی تحریک انتفاضہ کو روکنے کی غرض سے کی جانے والی کسی بھی قسم کوشش کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
حماس کے سینیئر رہنما مشیر المصری نے یوم غضب کے نام سے جمعے کو ہونے والے مظاہروں کے موقع پر کہا کہ صیہونی وزیر اعظم کی حماقت نے فلسطینی عوام کو ایک بار پھر متحد کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتفاضہ قدس نے واضح کردیا ہے کہ جہاد اور استقامت ہی فلسطینیوں کے درمیان وحدت کی بنیاد ہے۔
حماس کے رہنما مشیر المصری نے واضح کردیا کہ فلسطینی عوام نے صیہونی دشمن کے ساتھ سیکورٹی تعاون کی ناکامی کو بھی ثابت اور صیہونی حکومت کے تمام اندازوں اور تخمینوں کو درھم برھم کردیا ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ عرب ممالک اور امریکہ کی جانب سے انتفاضہ قدس کو روکنے کی غرض سے کسی بھی قسم کی کوشش انتہائی خطرناک ثابت ہوگی۔
مشیر المصری نے کہا کہ اسرائیل کو سرزمین فلسطین پر کسی بھی طرح کا تاریخی ، مذہبی اور سیاسی اختیار یا حق حاصل نہیں ہے اور اس کے مقدر میں نابودی کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حماس اور جہاد اسلامی سمیت مختلف فلسطینی تنطیموں کی اپیل پر جمعے کو پوری سرزمین فلسطین میں یوم غضب کے نام سے مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شریک تھے۔ اس موقع پر مغربی کنارے کے شہر قلقیلیا میں صیہونی فوجیوں کے فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم اسّی فلسطینی زخمی ہوگئے۔