Nov ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی شہید
    صیہونیوں کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی شہید

صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے ایک فلسطینی لڑکی کو شہید کر دیا ہے۔

لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے پیر کی صبح ایک فلسطینی لڑکی کو صیہونیت مخالف کارروائی انجام دینے کے بہانے فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ اس رپورٹ کے مطابق اس فلسطینی لڑکی کو قلقیلیہ کے النبی الیاس کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔

تحریک انتفاضہ قدس کے چالیسویں روز اس فلسطینی لڑکی کی شہادت سے فلسطینی شہدا کی تعداد بڑھ کر بیاسی ہو گئی ہے۔

دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے اتوار کی رات دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شمال میں طولکرم یونیورسٹی پر حملہ کیا۔ صیہونی فوجی اس یونیورسٹی کے احاطے میں داخل ہو گئے اور انھوں نے فلسطینی طلبہ پر آنسو گیس کے گولے فائر کیے جس کے نتیجے میں دسیوں طلبہ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے تین فلسطینی طلبہ زخمی بھی ہو گئے۔

صیہونی فوجی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کئی بار اس یونیورسٹی پر حملہ کر چکے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ طلبہ کی پڑھائی بھی متاثر ہوئی ہے۔

ٹیگس