Nov ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • یمن میں سعودی مقاصد حاصل نہیں ہوئے: یمن مخالف سعودی اتحاد کے ترجمان کا اعتراف
    یمن میں سعودی مقاصد حاصل نہیں ہوئے: یمن مخالف سعودی اتحاد کے ترجمان کا اعتراف

سعودی عرب نے یمن میں اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔ دوسری طرف یمن کے صوبہ مارب میں متعدد سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔

یمن کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے اتحاد کے ترجمان نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سعودی حکومت یمن میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے- یمن مخالف سعودی اتحاد کے ترجمان احمد عسیر نے یمن پر فضائی زمینی اور سمندری حملوں کو سات مہینے کا عرصہ ہو جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج کی توانائی اور علاقے میں موسمی تبدیلی کی وجہ سے ہمارے اتحاد کو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی-

اس درمیان یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ہاتھوں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی فوجوں کو ملنے والی شکست کے بعد سوڈان کی فوج کا دوسرا مسلح دستہ یمن مخالف سعودی اتحاد میں شامل ہونے کے لئے یمن پہنچ گیا ہے- اس سے پہلے سوڈان کی فوج کا ایک دستہ گذشتہ اکتوبر کےمہینے میں عدن پہنچا تھا -

سعودی حکومت غیر ملکی ایجنٹوں کو دھوکہ اور پیسے کا لالچ دے کر مختلف ملکوں سے یمن بھیج رہی ہے تاکہ وہ یمنی فوج اور عوام سے جنگ کریں- سعودی عرب نے افریقی ملکوں سے مسلح افراد کو کرائے پر حاصل کرنے کے علاوہ امریکا کی بدنام زمانہ بلیک واٹر سیکورٹی کمپنی کو بھی کولمبیا کے فوجیوں کے نام پر کرائے پر لیا ہے-

کہا جا رہا ہے کہ سوڈان نے سعودی عرب کی طرف سے اس یقین دہانی کے بعد کہ صدر عمر البشیر کو عالمی اداروں کی طرف سے جاری کئے گئےگرفتاری کے وارنٹ کے بعد بھی گرفتار نہیں کیا جائے گا، اپنے فوجی سعودی عرب کے اتحاد میں بھیجے ہیں-

اس درمیان یمن کے صوبہ مارب میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم دھماکے میں کم سے کم سولہ سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے ہیں- رویٹرز نے خبردی ہے کہ سعودی ایجنٹ اور مفرور سابق صدر منصور ہادی کے افراد صوبہ مارب کی ایک شاہراہ سے گذر رہے تھے کہ اچانک سڑک کے کنارے نصب بم کا ایک دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم سولہ سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے- اس واقعے میں کم سے کم چھے سعودی ایجنٹ زخمی بھی ہوئے ہیں-

سعودی عرب اور اس کے اتحادی گذشتہ چھبیس مارچ سے یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئےہیں جن کے دوران اب تک ہزاروں کی تعداد میں عام شہری جن میں زیادہ تر خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں، شہید ہو چکے ہیں جبکہ یمن کی بنیادی شہری تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں لاکھوں یمنی باشندے اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے ہیں-

ٹیگس