یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات میں سعودی عرب روڑے اٹکا رہا ہے: تحریک انصاراللہ
تحریک انصاراللہ یمن کے سینئر رکن نے سعودی عرب کو، یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات کے رک جانے کا باعث قرار دیا ہے-
المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ یمن کے سینئر رکن محمد البخیتی نے یمن کے تعلق سے جنیوا دو اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز کے بارے میں مذاکرات جاری رہنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ سعودی عرب کے توسط سے روڑے اٹکائے جانے کے سبب، ملک کے بحران کےحل کے لئے یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے-
محمد البخیتی نے جنیوا ایک اجلاس کو نمائشی اور مضحکہ خیز قرار دیا اور یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد کی ثالثی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو یہ بات درک کرنی چاہئے کہ وہ ایک غیر متوازن شخصیت ہیں-
محمد البخیتی نے صوبہ عدن کے گورنر، جو یمن کے مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی کے حمایت یافتہ تھے، کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ منصور ہادی، داعش دہشت گرد گروہ کو صوبہ عدن کے گورنر کے قتل سے بری قرار دینے کی کوشش میں ہیں-
یہ ایسے میں ہے کہ داعش نے اتوار کے روز عدن کے گورنر کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ، اس حملے میں عدن کے گورنر جعفر محمد سعد سمیت ان کے متعدد ساتھی ہلاک ہوگئے-