Dec ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل میں ترکی کے خلاف عراق کی شکایت
    سلامتی کونسل میں ترکی کے خلاف عراق کی شکایت

شمالی عراق میں ترک فوجیوں کی دراندازی اور تعینات ہونے پر بغداد حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ترکی کی شکایت کردی ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں عراق کے سفیر محمد علی الحکیم نے جمعے کو سلامتی کونسل کی سربراہ اور امریکی سفیر سمنتھا پاور کو خط بھیج کر عراق میں فوجی بھیجنے پر ترکی کی شکایت کی ہے۔

محمد علی حکیم نے اپنے خط میں عراق میں ترکی کی فوجی مداخلت پر جو ابھی تک ختم نہیں ہوئی ہے حکومت عراق کی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عراق کے سفیر نے امریکہ کے اس موقف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ عراقی حکومت کی اجازت سے ہی عراق میں فوجی تعینات کئےجاسکتے ہیں اپنی امریکی ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ اس خط کو سلامتی کونسل کے اراکین کے درمیان تفسیم کردیں۔

محمد علی حکیم نے کہا کہ عراق اور ترک حکومت کے درمیان مذاکرات جاری رہنے چاہئیں تا کہ اس بحران کو حل کرنے کی کوئی دوستانہ راہ نکل سکے۔

واضح رہے ترکی کے سیکڑوں فوجی جمعہ چار دسمبر کو کرد پیشمرگہ میلشیا کی ٹریننگ کے بہانے صوبہ نینوا کے شہر موصل کے بعشقیہ علاقے میں گھس آئے تھے۔ اس سے قبل عراق نے ترک حکومت کو اپنے فوجی نکالنے کےلئے اڑتالیس گھنٹے کی مہلت دی تھی لیکن انقرہ نے کہا کہ اس کے فوجی عراق میں ہی رہیں گے۔

ٹیگس