صنعا میں نابیناؤں کے مرکز اور ایوان صنعت و تجارت پر سعودی عرب کی بمباری
سعودی عرب کے لڑاکاطیاروں نے دارالحکومت صنعا میں نابیناؤں کے مرکز اور ایوان صنعت و تجارت پر بمباری کی ہے
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکاطیاروں نے صنعا میں نابیناؤں کے مرکز اور ایوان صنعت و تجارت کی عمارت پر بمباری کی اس حملے میں دوعمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں - سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے علاقوں بیضا اور مارب میں بھی حملے کرکے کم سے کم پانچ عام شہریوں کو شہید اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا - سعودی جارح طیاروں نے صوبہ الحدیدہ کے علاقے تھامہ میں بھی کئی بار بمباری کی -
یمنی فوج نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے سرحدی شہر جیزان میں سعودی فوجیوں کے اڈے پر حملہ کیا جس میں متعدد سعودی فوجی ہلاک ہوگئے - یمن سے ایک خبر یہ بھی ہے کہ یمن کے آرٹسٹوں نے اپنے ملک پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے آرٹ کی ایک نمائش کا اہتمام کیا ہے- یہ نمائش دارالحکومت صنعا میں لگائی گئی ہے -
دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن میں اپنے حملوں کے دوران کلسٹربموں کا استعمال کیا ہے -
ایسوسی ایٹڈپرس نے خبردی ہے کہ اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اس نے صرف العدیر گاؤں میں کلسٹر بموں کے انتیس ٹکڑے جمع کئے ہیں - کلسٹربموں کے پھٹنے کے بعد ان کے ٹکڑے وسیع علاقوں میں پھیل جاتے ہیں جن کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوتی ہے-
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے منگل کو اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ گذشتہ برس چھبیس مارچ سے اب تک دوہزار سات سو پچانوے یمنی شہری مارے جا چکے ہیں - اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ دسمبر میں اسّی سے زائد عام شہری شھید اور ایک سو نو دیگر زخمی ہوئے ہیں -