Jan ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۱ Asia/Tehran
  • یمن کی مستعفی حکومت کے وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے نمائندے سے ملاقات

یمن کی مستعفی حکومت کے وزیراعظم خالد بحاح نے ہفتے کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے سے ملاقات کی ہے۔

خالد بحاح نے اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات میں یمن کے حالات اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن مذاکرات کے نئے دور کے انعقاد کے سلسلے میں انصار اللہ تحریک کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

یمن کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے اس ملاقات میں اپنے حالیہ دورہ یمن اور یمنی گروہوں کے ساتھ اپنے مذاکرات اور بات چیت نیز زیادہ صلاح و مشورے کے لیے راستہ ہموار کی غرض سے سیاسی قیدیوں کی آزادی کے لیے کوشش کے نتائج سے خالد بحاح کو آگاہ کیا۔

دریں اثنا المسیرہ ٹی وی چینل نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل یونٹ نے جیزان کے سرحدی علاقے میں سعودی فوجیوں اور ان کے ایجنٹوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی سعودی فوجی ہلاک ہو گئے۔ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الطوال سرحدی گزرگاہ کی جانب بھی ایک میزائل فائر کیا جس سے حملہ آور فوج کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔

ٹیگس