انسانی حقوق کی بین الاقوامی کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ
انسانی حقوق کی پچاس تنظیموں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی پچاس تنظیموں نے اقوام متحدہ میں انسان حقوق کے ہائی کمشنر کے نام ایک خط ارسال کیا ہے جس میں انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید رعد الحسین سے کہ جو عرب قانونی اداروں کی نگرانی کرتے ہیں، انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ان تنظیموں نے امید ظاہر کی ہے کہ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر ان کے اس مطالبے کو مان لیں گے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک ایسے وقت میں یہ مطالبہ کیا ہے کہ جب سعودی عرب اپنے ملک میں مخالفین کو کچلنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی طرح سعودی عرب نے اپنے بعض عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر اور امریکہ کی حمایت سے کئی مہینوں سے یمن پر وسیع جارحیت کا آغاز کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں یمنی باشندے شہید، زخمی اور بےگھر ہو چکے ہیں کہ جن میں عورتوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔