اگر آپ پلاسٹک کی بوتل میں پی رہے ہیں پانی تو ہو جائیں ہوشیار، ایک بڑی بیماری دے سکتی ہے دستک!
ایک نئی تحقیق میں پلاسٹک کی بوتل میں موجود کیمیکل اجزاء اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرات کے درمیان تعلق کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
جرنل ڈائیبیٹیز میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے اور پینے کے پیکجز بشمول پانی کی پلاسٹک کی بوتلیں، بنانے کے لیے استعمال کیا جانے والا کیمیکل بسفینول اے (بی پی اے) جسم میں شوگر کو قابو کرنے والے ہارمون انسولین کی حساسیت کو کم کر سکتا ہے۔
تحقیق کے نتائج جو امیریکن ڈائیبیٹیز ایسوسی ایشن کے تحت منعقد ہونے والے سائنٹیفک سیشن میں پیش کیے جائیں گے، میں امریکا کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) پر زور دیا گیا ہے کہ ادارہ بوتلوں اور کھانے کے برتنوں کے بی پی اے کیمیکل کی محفوظ حد کا تعین کرے۔
ماضی کے مطالعوں میں یہ بات بتائی جا چکی ہے کہ کیمیکل بی پی اے پلاسٹک اور ایپوکسی ریسن بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو انسانوں کے ہارمونز میں خلل ڈال سکتا ہے۔
واضح رہے ماضی میں کی جانے والی کسی بھی تحقیق میں اس کیمیکل اور ذیابیطس کے خطرات میں اضافے کا براہ راست جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔