Jul ۳۱, ۲۰۲۴ ۰۷:۳۰ Asia/Tehran
  • حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔

سحرنیوز/ایران: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کر دیئے گئے۔ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کر کے اس واقعے کی اطلاع دی ہے۔ بیان کے مطابق گزشتہ شب تہران میں اُس مقام کو نشانہ بنایا گیا جہاں اسماعیل ہنیہ ٹھہرے ہوئے تھے۔ اس حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔ اسماعیل ہنیہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے مقصد سے تہران آئے تھے۔ گزشتہ روز انہوں نے تقریب حلف برداری میں شرکت سے قبل جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ کے ہمراہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے ملاقات بھی کی تھی۔ اسماعیل ہنیہ منگل کے روز ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملے تھے۔ سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
تحریک حماس نے بھی ایک بیان جاری کرکے فلسطینی قوم، امت اسلامیہ اور دنیا کے تمام حریت پسندوں کو اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔ حماس کے سینیئر رہنما موسیٰ ابومرزوق نے حملے کا ذمہ دار ناجائز صیہونی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اس بزدلانہ اقدام کا ضرور جواب دیا جائے گا۔

ٹیگس