Oct ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • سانحہ منیٰ:شہید ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 100
    سانحہ منیٰ:شہید ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد 100

سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی تعداد کے سو قریب پہچ گئی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے تصدیق کی کہ سانحہ منیٰ میں ننانوے پاکستانی شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ شہید ہونے والے ستر پاکستانی حاجیوں کی تدفین کردی گئی جبکہ جاں بحق ہونے والے مزید حجاج سے متعلق سعودی عرب کی جانب سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ پاکستانی حجاج بدستور لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔


ہمارے نمائندے کے مطابق وزیر مذہبی امور کے بیان پر پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے مایوسی کا اظہار کیا اور اجلاس سے علامتی واک آؤٹ بھی کیا۔پاکستانی کی اپوزیشن جماعتیں سانحہ منیٰ کے حوالے سے حکومت پاکستان پر سعودی عرب کی بے جا حمایت کا الزام لگارہی ہیں۔


اس سے پہلے پاکستان کے سابق وزیر مذہبی امور علامہ حامد سعید کاظمی نے حکومت پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانی حاجیوں کی اصل تعداد چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ چوبیس ستمبر کو سعودی انتظامیہ کی لاپرواہی کے نتیجے میں پیش آنے والے سانحے میں دنیا کے انیس ملکوں کے چار ہزار سے زائد حاجی شہید ہوگئے تھے۔

ٹیگس