پاکستان کے وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات میں افغانستان کی صورت حال،مسئلہ کشمیر اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے مصالحتی عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
جان کیری کا کہنا تھا افغانستان اور پاکستان میں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
کہا جارہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اور جان کیری کے درمیان ملاقات میں پاک ہند تعلقات پربھی تفصیلی بات ہوئی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ امن چاہتا ہے مگر بقول ان کے ہندوستان مذاکرات سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔
انہوں ہندوستان پر پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں بھی ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کیا۔
ہندوستان پاکستان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتاہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم منگل کے روز چار روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچے ہیں جہاں وہ بائیس اکتوبر کو صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے۔