Dec ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۶:۵۶ Asia/Tehran
  • پاراچنار دھماکے کی ذمہ داری لشکر جھنگوی نے قبول کرلی
    پاراچنار دھماکے کی ذمہ داری لشکر جھنگوی نے قبول کرلی

پاکستان کی دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی العالمی نے کرم ایجنسی کے ایک مصروف بازار میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو پاک- افغان سرحد کے قریب پارا چنار کی عید گاہ مارکیٹ میں ہونے والے زور دار دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد چوبیس ہو گئی ہے جبکہ ستر زخمیوں میں سے بیس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے-

کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ امجد علی خان نے بتایا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں پینتیس کلوگرام بارودی مواد کا استعمال کیا گیا جسے جوتوں کے ٹھیلے کے ساتھ رکھا گیا تھا - دھماکے کے مقام سے دو مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جنہیں مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔

ترکمنستان میں موجود وزیراعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

نواز شریف نے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پیچھے ہٹنے کی گنجائش نہیں۔ خیال رہے کہ جولائی دوہزار تیرہ میں بھی پارا چنار بازار میں دھماکے ہوئے تھے جن میں ستاون افراد شہید اور ڈیڑھ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے-

واضح رہے کہ پارا چنار، پاک افغان سرحد پر قبائلی علاقے کرم ایجنسی کا انتظامی ہیڈ کوارٹر ہے، یہ زیادہ آبادی والا علاقہ نہیں ہے، اس علاقے کی آبادی چالیس ہزار کے قریب ہے جس میں شیعہ مسلمانوں کی واضح اکثریت ہے۔

ٹیگس