Apr ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • پنامہ لیکس پر بحث، پاکستانی وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے پنامہ لیکس سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے تک وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے یہ مطالبہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پنامہ لیکس کے بارے میں جاری بحث کے دوران کیا ہے۔ پنامہ لیکس پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنامہ لیکس پر ایسا کمیشن بنایا جائے جو سب کے لئے قابل قبول ہو۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ وزیر اعظم، ان کے فرزند اور بیٹی، پنامہ لیکس کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے عہدے سے الگ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے پاس وہ اخلاقی جواز نہیں رہا کہ جس کی بنیاد پر آپ وزیر اعظم بنے تھے۔

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے اظہار خیال کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ جن لوگوں نے ملک کا خزانہ لوٹا وہ کیسے اقتدار میں بیٹھے ہیں؟۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پنام لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد قوم سے اپنے خطاب میں جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کی تجویز کو تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی مسترد کر دیا ہے۔

ٹیگس