May ۰۱, ۲۰۱۶ ۰۷:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے
    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے شہر کوٹلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پانامہ لیکس کے مسئلے پر وزیراعظم نواز شریف سے استعفی دینے کا مطالبہ کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف ماضی میں ایک سیاسی جلسے میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ طلب کر رہے تھے آج وہی مطالبہ میں کرتا ہوں کہ میاں صاحب استعفیٰ دیں اور الزامات سے بری ہونے کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں۔ انھوں نے کہا کہ تخت لاہور لرز رہا ہے اور نوازشریف کی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے کیونکہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے استعفے کا جو مطالبہ کیا وہی مطالبہ میرا ہے کیونکہ نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے استعفا مانگا تھا لہٰذا اخلاقی طور پر اب نوازشریف کو بھی استعفا دے دینا چاہیے جبکہ ان پر استعفے کے لیے مزید دباؤ بڑھائیں گے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سمیت بہت سے اپوزیشن رہنما وزیراعظم سے استعفی دینے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے انکوائری کمیشن بنانے کے لیے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھنے کے بعد کہا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے ٹرم آف ریفرنسز کسی صورت تبدیل نہیں ہوں گے لیکن اگر سپریم کورٹ چاہے تو ٹی او آرز میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

ٹیگس