نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بزنس مین وزیراعظم کرپشن کے سوال پر لال پیلے ہو جاتے ہیں لیکن ان کے پاس اب وزارت عظمیٰ پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا۔
اطلاعات کے مطابق عمران خان کا لاہور میں مال روڈ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ہے۔ غریب آدمی چوری کرے تو اسے جیل اور بڑے ڈاکو وزیراعظم اور صدر بن جائیں تو کیا ایسا ملک چل سکتا ہے؟ اگر حکمران ہی کرپٹ ہوں تو ملک کس طرح ترقی کر سکتا ہے؟ انھوں نے کہا کہ پہلے وزیراعظم کا اور بعد میں دیگر کا احتساب ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پر کرپشن، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں جو اگر ثابت ہو گئے تو وہ سیدھے جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں میرا نہیں بلکہ وزیراعظم نواز شریف کا نام آیا ہے۔ اس معاملے پر قوم کو جواب دینا ان کا فرض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل تمام اپوزیشن جماعتیں ٹی او آرز تیار کریں گی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں آزاد انکوائری کمیشن کا مطالبہ کرے گی۔
عمران خان نے آئندہ اتوار کو فیصل آباد میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ جانے سے پہلے فیصل آباد جائیں گے اور پھر لاہور آئیں گے لیکن کھلاڑی رائیونڈ جانے کی تیاری پوری رکھیں۔