May ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کے مظاہرے

پاکستان کے شیعہ مسلمانوں نے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتالی رہنماؤں کی حمایت میں مظاہرے کیے ہیں۔

رپورٹوں کےمطابق ہزاروں کی تعداد میں شیعہ مسلمان نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کراچی ، لاھور ، پشاور، کوئٹہ ، فیصل آباد، حیدر آباد اور پا کستان کے زیرانتظام کشمیر کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہروں میں شریک مظاہرین نے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی رہنماؤں کی حمایت میں نعرے لگائے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ راجہ ناصر عباس جعفری پاراچنار، کراچی اور ڈیرہ اسما‏عیل خان میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پچھلے آٹھ روز سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ پر ہونے والی نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے قتل کے حالیہ واقعات میں تکفیری عناصر ملوث ہیں اور یہ عناصر پاکستان اور اس قوم کے اتحاد کے دشمن ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے، پاراچنار میں تین مظاہرین کی شہادت کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے شیعہ مظاہرین پر سیکورٹی فورس کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے ملوث سیکورٹی عناصر کے خلاف کارروائی کریں کیونکہ اس قسم کے اقدامات سے فوج کا چہرہ مخدوش ہو رہا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے وہ بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے۔

ٹیگس