ہندوستان نے مذاکرات اور خیرسگالی کی کھڑکی کبھی نہیں کھولی : سرتاج عزیز
پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہندوستان نے مذاکرات اور خیرسگالی کی کھڑکی کبھی نہیں کھولی۔
پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ڈان نیوز کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سرتاج عزیز نے اتوار کے دن کہا کہ ہندوستان نے کبھی بھی پاکستان کے لیے مذاکرات اور خیرسگالی کی کھڑکی نہیں کھولی۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ نو دسمبر کو مذاکرات کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم پھر پٹھان کوٹ حملہ ہوگیا اور سب ختم ہوگیا۔
واضح رہے کہ سرتاج عزیز نے یہ بیانات ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے حالیہ بیان پر ردعمل کے طور پر دیے ہیں۔ ہندوستانی وزیر دفاع نے حال ہی میں کہا تھا کہ خیر سگالی اور مذاکرات کی جو کھڑکی وزیر اعظم نریندر مودی نے کھولی تھی وہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اس کے مخلصانہ پن سے متعلق شکوک و شبہات کے باعث بند ہورہی ہے۔