پاکستان: کراچی میں ایک بار پھر شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ
کراچی پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں ایک اور شیعہ مسلمان کا قتل کر دیا گیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں شیعہ مسلمانوں پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان شیعہ مسلمانوں کو فرقہ وارانہ حملے کا نشانہ بنایا۔ کراچی میں یہ دہشت گردانہ حملہ ایسی حالت میں ہوا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے فرقہ وارانہ قتل عام میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لئے گذشتہ کئی دنوں سے آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے پیر اور منگل کو پاکستان کے شیعہ مسلمانوں نے ٹارگٹ کلنگ، اہم شیعہ شخصیات کی گرفتاری اور پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے ساتھ برتی جانے والی سختی کے خلاف کراچی سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔