پاکستان: طالبان دہشتگرد ہلاک 3 سکیورٹی اہلکار زخمی
تحصیل کلاچی میں دہشتگردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی سے 8 کلومیٹر دور لونی جنگل کے علاقے میں معمول کا سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے جھڑپ کے نتیجے میں میجر عباس، کیپٹن عمر اور نائیک عدنان زخمی ہوئے۔ پریس ریلیز کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نورنگ گروپ سے منسلک ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ سرچ آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ فوج نے 09-2008 میں دہشت گردی کے خلاف مہم کا آغاز کیا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے فاٹا کی ایجنسیوں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کیے گئے۔