نوازشریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نےکہا ہے کہ مارچ تک پانامہ کیس کا فیصلہ آ سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حکومت کو قبل از وقت انتخابات کرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف مستعفی ہو جائیں یا پھراسمبلیاں تحلیل کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے ضرور نکلے گا یہ فائرخالی نہیں جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس ملک میں ساڑھے تین سال تک لوگ سٹے پر چلتے ہوں، سعد رفیق جیسے لوگ سٹے آرڈروں پر ہوں تو میں لوگوں کو قانونی امید ہی دلا سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک کی نیشنل سکیورٹی محفوظ نہ ہو، اس ملک میں آپ کیا توقع لگائے بیٹھے ہیں کہ ایسا ملک محفوظ رہ سکتا ہے۔؟ ملک ہمیشہ محفوظ ہاتھوں میں ہی محفوظ ہوتا ہے دولت کے پجاریوں کے ہاتھوں میں مضبوط نہیں رہ سکتا۔ جس دن اس ملک میں دولت کے دیوتا آئین اور قانون کے شکنجے میں ہوں گے، تو پھر یہ ملک محفوظ بھی ہو گا اور ترقی بھی کرے گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ملک کے حالات بہت خراب ہوتے دیکھ رہا ہوں، نواز شریف بزنس مین سیاستدان ہیں، انہیں پتا چل چکا ہے کہ وہ سیاسی طور پر لنگڑے ہو چکے ہیں، وہ سٹپ ڈاون کرتے ہیں یا اسمبلی توڑتے ہیں، یہ تو وقت ہی بتائے گا۔