دہشت گردوں اوران کے نظریات کو کچلنے کا فیصلہ
پاکستان میں سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اورمشیرقومی سلامتی جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ لاہور، کوئٹہ، مہمند ایجنسی اور پشاور میں دھماکوں کی شدید مذمت کی گئی۔اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے اتفاق کیا کہ ملک میں دہشت گردوں کو کسی صورت سر اٹھانے نہیں دیں گے۔
اجلاس کے شرکا نے ملک میں دہشت گردی اورانتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا جب کہ دہشت گردوں اوران کے نظریات کو کچل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت میں اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت سر اٹھانے نہیں دیں گے اور انہیں دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف فورسزاورعوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف فورسز کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
سیاسی و عسکری قیادت میں اتفاق رائے ایسے میں پایا گیا ہے کہ پاکستان کے کئی شہروں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران دہشتگردی کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے اور ان تمام واقعات کی ذمہ داری کالعدم تکفیری گروہوں نے قبول کی۔