ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی پاکستان کے دفتر خارجہ میں طلبی
Mar ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مقدمے میں عدم پیش رفت اور ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے پر پاکستان نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کر کے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے پر شدید احتجاج کیا گیا اور سانحہ سمجھوتا ایکسپریس کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ کے ڈی جی ساﺅتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔
مراسلے میں ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
واضح رہے سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 48 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔