نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اور خاندان کے بیرون ملک اثاثوں کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی کے قیام سے قبل مستعفی ہوجائیں۔
صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں پی پی پی کے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما ملک میں جاری سیاسی بحران کے ذمہ دار ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ اس وقت تک کرتی رہے گی جب تک وہ اپنا عہدہ چھوڑ نہیں دیتے۔ آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف ملک کے دیہی علاقوں کے عوام کے مسائل سے آگاہ نہیں ہیں کیونکہ ان کی ساری توجہ پاک چین اقتصادی راہ داری پر مرکوز ہے۔
سپریم کورٹ کے مذکورہ فیصلے کے بعد پاکستان کی تقریبا تمام ہی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت آتی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سپریم کورٹ نے پاناما کیس کی سماعت کرتے ہوئے تفتیش کے لیے نیب، اسٹیٹ بینک، آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جو 60 روز میں تفتیش کرکے اپنی رپورٹ بنچ میں جمع کرے جس کےبعد حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔