May ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • نوازشریف پر اسامہ بن لادن سے رقم لینے کا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 1990 کی دہائی کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے لیے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن سے رقم حاصل کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں ایک اور پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان اور وکیل فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ ان کی جماعت میں مشاورت کا مرحلہ مکمل ہوگیا اور تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم اور ان کی جماعت کے خلاف غیر ملکی قوتوں سے فنڈ حاصل کرکے جمہوریت کے خلاف سازش کرنے کے خلاف پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ نواز شریف کے بیرونی طاقتوں سے رابطوں کے حوالے سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف اسامہ بن لادن سے رقم لینے کا الزام گزشتہ 2 دہائیوں سے گونج رہا تھا، لیکن گزشتہ سال یہ معاملہ اُس وقت دوبارہ سامنے آیا جب انٹر سروسز (آئی ایس آئی) کے سابق اہلکار کی اہلیہ شمامہ خالد نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف نے ضیا دور کے خاتمے کے بعد بے نظیر بھٹو کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے خلاف الیکشن لڑنے کے لیے اسامہ بن لادن سے رقم حاصل کی تھی۔

کتاب میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نواز شریف کی جانب سے اسلامی نظام کو متعارف کروانے کے اعلان کے بعد القاعدہ کے سرغنہ اسامہ بن لادن نے نواز شریف کو بھاری فنڈ جاری کیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ حکومت میں آنے کے بعد اپنے وعدوں سے مکر گئے تھے۔

 

ٹیگس