Jun ۰۴, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • متعدد داعش دہشتگرد ہلاک

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک اہم انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران داعش کے اہم کمانڈرز کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آپریشن  پاکستان کے شہرکوئٹہ سے اغوا کیے جانے والے دوچینی باشندوں کی بازیابی کیلئے انتہائی خفیہ معلومات کے تحت مستونگ میں کیا گیا، سیکیورٹی حکام کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ آپریشن کا آغاز ہفتے کی شب کیا گیا تھا اور آپریشن کے دوران چینی باشندوں کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔ گذشتہ ماہ مستونگ میں ہی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم ڈپٹی اسپیکر اس حملے میں محفوظ رہے تھے۔ سیکورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہفتے کو مستونگ میں کیا جانے والا آپریشن انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا تاکہ آپریشن کے حوالے سے کسی قسم کی اطلاعات لیک نہ ہوں۔

رپورٹس کے مطابق جس وقت آپریشن کیا گیا مستونگ میں پاکستان کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے داعش کے 10 رہنما ایک اجلاس کے لیے یہاں موجود تھے۔ یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آپریشن میں 8 سے 9 کمانڈرز ہلاک جبکہ دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ہلاک ہونے والے کمانڈرز کی شناخت تاحال نہیں بتائی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں کم سے کم 7 سیکیورٹی اہلکا زخمی ہوئے جن میں 3 افسران بھی شامل ہیں، دو زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ رات دیگر گئے سیکورٹی ذرائع نے آپریشن کی مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن جاری ہے اور مغوی چینی باشندے ایک انتہائی گہری سرنگ میں موجود ہیں جسے داعش کی جانب سے کمانڈ بیس کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔

ٹیگس