نوازشریف کی پیشی پرعمران خان کا دلچسپ ٹوئٹ
وزیراعظم نوازشریف جمعرات 15جون کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے صبح 11 بجے پیش ہوں گے۔
پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ہونے والی جے آئی ٹی نے وزیراعظم کو تحقیقات کے لیے جمعرات15جون کو طلب کرلیا ہےجب کہ نواز شریف نے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جے آئی ٹی نے وزیراعظم نواز شریف کو8 جون کو سمن جاری کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ تمام ضروری دستاویزات اور ریکارڈ کے ساتھ 15جون کو صبح گيارہ بجے یش ہوں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم واضح کرچکے ہیں کہ ہم اپنی 3 نسلوں کا حساب دے رہے ہیں اور اس حوالے سے جے آئی ٹی میں بھی تمام سوالات کاجواب دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کے بیٹے حسن نواز2 بار اور حسین نواز5 بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں جس میں ان سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی پیشی پرتحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، پہلی بار وزیراعظم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کے اراکین وزیراعظم کے ماتحت ہیں لہذا تحقیقات جاری رہنے تک وزیراعظم کو مستعفی ہوجانا چاہیے جب کہ نواز شریف خود اُس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے دوران تفتیش استعفی مانگتے تھے۔