پاکستان کے وزیراعظم سبکدوش وفاقی کابینہ تحلیل
وزیراعظم نواز شریف اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم ہاوس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ھر چند سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات ہیں تاہم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔ اس طرح وہ وزیراعظم نہیں رہے اور اسی کے ساتھ ہی پاکستان کی وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ اب سے صرف دو گھنٹے قبل سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
پاکستان کی تاریخ کے اس سب سے بڑے کیس کا حتمی فیصلہ عدالت عظمیٰ کے کمرہ نمبر 1 میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سنایا۔
عدالتی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی نیب میں ریفرنس دائر کیا جائے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق فیصلے کے بعد نواز شریف سخت پریشان ہو گئے جبکہ پاناما کیس میں وزیراعظم کی نااہلی کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنی گالہ میں شکرانے کے نوافل ادا کئے۔
دوسری جانب عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کے حق اور مخالفت میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گيا ہے جبکہ تحریک انصاف کے حامیوں اور کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ فیصلے کے وقت سپریم کورٹ کے اطراف میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کے علاوہ رینجرز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاناما لیکس کے معاملے نے ملکی سیاست میں اُس وقت ہلچل مچائی، جب گذشتہ سال اپریل میں بیرون ملک ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے 'آف شور' مالی معاملات عیاں ہو گئے تھے۔